کراچی(این این آئی)مس مینجمنٹ اور بیوروکریسی کی سستی کے باعث پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے چلنے والے اربوں ڈالر کے منصوبے تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں۔پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی فنڈنگ سے پاکستان میں 37 منصوبوں پر کام جاری ہے، ان میں سے 18 منصوبوں کو کام کی رفتار انتہائی سست ہونے، اور تکمیل میں تاخیر کے باعث بینک نے مسائل کا شکار قرار دے دیاہے۔ ان منصوبوں کے لیے بینک نے مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کی ہے۔رپورٹ کے مطابق
گزشتہ سال دسمبر تک 80 فیصد منصوبوں پر صیح طریقے سے کام جاری تھا، تاہم اس سال جنوری سے جون تک ایسے منصوبوں کی تعداد 50 فیصد تک رہ گئی، بینک کے مطابق 6 منصوبے حقیقی طور پر مسائل کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 8 کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ حقیقی مسائل کا شکار منصوبوں میں فاٹا واٹر ڈیولپمنٹ پراجیکٹ، کراچی بس ریپڈ ٹرازٹ ڈئزائن پراجیکٹ، نیشنل ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ پروگرام، سیلاب سے متاثرہ ہائی ویز کی بحالی کا پروگرام اور سندھ میں شہری ترقی اور سرمایہ کاری پروگرام شامل ہیں۔