کوئٹہ(آن لائن)کوئٹہ میں آئل ٹینکرز ایسو سی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ، صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو گئی شہری شدید مشکلات سے دو چار ۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پیٹرول پمپس تیسرے دن بھی بند رہے جس کی وجہ سے شہر میں پیٹرول کی قلت شدت اختیار کر گئی ۔شہر میں پیٹرول کہیں دستیاب نہیں اگر کہیں مل رہا ہے تو بھی زائد قیمت ادا کر کے۔ایسے میں شہری نہ تو دفتر جا سکے نہ بچے اسکول
شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم دکھائی دی اور کاروبار بھی ماند پڑ گیا ہے۔آئل ٹیکرز مالکان نے ٹینکرز شہر کے نواحی علاقے مستونگ روڈ پر کھڑے کر دیئے ۔ آئل ٹینکرز مالکان کے مطابق کوئٹہ شہر میں داخلے سے قبل سیکیورٹی کے نام پرہمیں نہ صرف گھنٹوں کھڑا رکھا جاتا ہے بلکہ دیگر حیلے بہانوں سے بے جا تنگ کیا جاتا ہے اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو جلد ہی قلت ختم کر سکتے ہیں۔پیٹرول کی سپلائی بند ہوئے تین روز گزر جانے کے باوجود نہ تو ٹینکرز مالکان کے رویے میں لچک آئی ہے اور نہ ہی متعلقہ حکام مذاکرات کرکے شہریوں کو مشکلات دلانے میں سنجیدہ ہیں ۔