بیجنگ (آئی این پی) چینی کرنسی رینمنبی (آر ایم بی ) یا یوآن نے اپنی قدر میں اضافے کو برقرار رکھا اور جمعہ کو اس کی شرح قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں تین ہفتے سے زیادہ کی بلند ترین سطح پر ہو گئی ،یوآن کی مرکزی شرح تبادلہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 173بنیادی پوائنٹس کے اضافے سے 6.8456ہو گئی ۔چین کے غیر ملکی زرمبادلہ تبادلہ تجارتی نظام کے مطابق شرح قدر میں مسلسل چوتھے روز اضافہ ہوا ہے ، چین
کے زرمبادلہ کے تبادلہ کی سپارٹ مارکیٹ میں یوآن کو ہر کاروباری روز مرکزی شرح تبادلہ سے دو فیصد کمی بیشی کا اختیار ہے، گذشتہ روز امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں اضافے کی ٹائمنگ کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے انتہائی اہم کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی شرح قدر کم رہی ،ڈالر انڈیکس جو چھ اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کا پیمانہ ہے ، دیر گئے کاروبار میں 0.67فیصد کی کمی سے 100.5رہا ۔