اسلام آباد(آئی این پی)وزارت داخلہ کی طرف سے جرمن نژادبرن ہلڈن برانڈکی سیکیورٹی کلیئرنس ہونے کے بعد وفاقی حکومت کا انہیں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے)کا مستقل چیف ایگزیکٹو آفیسر بنانے کا فیصلہ ، برن ہلڈن برانڈ اس وقت قائم مقام چیف ایگزیکٹو کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
اتوار کو ذرائع کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کی طرف سے برن ہلڈن برانڈ سے بار بار مانگنے کے باوجود وہ تعلیمی اسناد فراہم نہیں کر رہے ، برن ہلڈن برانڈ اس وقت 26لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ ان کی مراعات و دیگر الاؤنسز بنیادی تنخواہ سے کہیں زیادہ ہیں اور وہ مہینے میں زیادہ وقت جرمنی گزارتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق برن ہلڈن برانڈ کو جب پی آئی اے میں تعینات کی گیا تو اس وقت ان کی سیکیورٹی کلیئرنس نہیں کرائی گئی تھی،پارلیمنٹ میں سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ اٹھائے جانے پر اب وزارت داخلہ نے ان کی سیکیورٹی کلیئرنس کردی ہے۔ذرائع کے مطابق برن ہلڈن برانڈ کو سی ای او تعینات کرنے کی سمری رواں ہفتے وزیراعظم آفس ارسال کردی جائے گی،وزیراعظم کی منظوری کے بعد برن ہلڈن برانڈ کو مستقل سی ای او تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔