کراچی(این این آئی) اوپن مارکیٹ میں روپے کی مزید بے قدری سامنے آئی ہے، کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک سو آٹھ روپے سے تجاوزکرگیا۔ ایک ہی دن میں اس کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ڈالر نے روپے کی پٹائی شروع کردی۔ ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں آج دس پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کرنسی ڈیلرز کے مطابق رواں ماہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں دو روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک سو آٹھ روپے دس پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق مارکیٹ میں ڈالر کی قلت نہیں تاہم ہنڈی حوالہ سے پیسے بھجوائیجانے اور ذخیرہ کئے جانے سے ڈالر مہنگا ہو رہا ہے
۔دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور اس کی قیمت میں استحکام رہا۔ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 104 روپے 40 پیسے اور قیمت فروخت 104 روپے 60 پیسے پر برقرار رہی ہے۔اقتصادی ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر 108 روپے پر پہنچنے کے بعد دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں 14 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔