اسلام آباد (این این آئی) آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی سفاک بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان نے تیز دھار آلہ سے وار کرکے تنویر انجم کو قتل کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شوہر کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کرنے والی سفاک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ تھانہ سمبل اور ہومی سائیڈ یونٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان شاہین بی بی عرف مسکان اور عابد علی کو گرفتار کیا۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے تھانہ سمبل کی حدود میں تنویر انجم کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد ایس پی صدر زون کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے خاتون سمیت دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔