اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 2 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ انٹر نیشنل مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 87 سینٹ کم ہونے کے بعد 86.75 ڈالرز فی بیرل تک ہو گیا،امریکی خام تیل بین الاقوامی مارکیٹ میں 87 سینٹ سستا ہونے کے بعد
79.21 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ ملک میں تیل کا بحران اور محدود اسٹاک کے متعلق تاثر بالکل غلط ہے، ملکی طلب پوری کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار ہے، درآمدات کی منصوبہ بندی پروڈکٹ ریویو میٹنگ میں کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت کو احتجاجی خط لکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمیتں بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ایڈوازی کونسل کی جانب سے وزیر مملکت مصدق ملک کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ فارمولے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونا تھا، لیکن حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے بوجھ کو نظر انداز کر کے قیمتیں کم کیں۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرول پر 3 روپے 21 پیسے فی لیٹر مارجن کم کرایا، اگست سے اب تک 7 ارب 55کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے، قیمتیں زبردستی برقرار رکھنے سے انڈسٹری پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتیں اگلے 15روز کیلئے برقرار رہیں گی،وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80پیسے،
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 186 روپے 50 پیسے برقرار رہے گی۔