بیجنگ (این این آی )چین کے صدر شی جن پنگ نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے جی 20 سمٹ کے دوران بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کی تفصیلات لیک ہونے پر خفگی کا اظہار کیا۔چینی صدر اور کینیڈین وزیراعظم کی ویڈیو بھی جاری ہوئی ہے جس میں دونوں
ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہیں اور مترجم کے ذریعے بات کر رہے ہیں۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ یہ نامناسب بات ہے، یہ ہمارا طریقہ کار نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اخلاص ہو تو ہم باہمی قدر کے جذبے کے ساتھ گفتگو کرسکتے ہیں۔صدر شی جن پنگ چینی زبان میں بات کر رہے تھے، مترجم کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ہم نے اجلاس میں جو بھی بات کی وہ سب اخبارات کو لیک ہوگئی، یہ مناسب نہیں۔کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے جواب دیا کہ ہم کینیڈا میں آزاد اور شفاف مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور ہم ایسا کرتے رہیں گے، ہم ایک ساتھ کام کریں گے لیکن ممکنہ طور پر ایسے بھی معاملات ہوں گے جس پر ہم اتفاق نہ کریں۔اسی دوران چینی صدر نے کہا کہ ماحول بنائیے، ان کا اشارہ اس طرف تھا کہ مذاکرات اور رابطے کے لیے سازگار ماحول بنائیے۔یہ کہتے ہوئے شی جن پنگ نے گفتگو ختم کی، جسٹن ٹروڈو کو مسکراتے ہوئے دیکھ کر مصافحہ کیا اور چلے گئے۔