لندن(این این آئی)ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی موت کی درست پیشگوئی کرنے والی نجومی نے بتادیا ہے کہ بادشاہ چارلس سوم کب تک تخت نشین رہیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق65 سالہ برطانوی نجومی جمائما پیکنگٹن (Jemima Packington) نے ملکہ برطانیہ کی وفات سے ایک ماہ قبل ہی آگاہ کیا تھا کہ شاہی خاندان میں کسی کی موت ہونے والی ہے لیکن انہیں اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ یہ کس کے حوالے سے ہے۔
بعد ازاں ملکہ کی وفات سے دو دن قبل انہوں نے ملکہ کی موت کی پیشگوئی کی تھی جو 8 ستمبر کو سچ ثابت ہوئی۔اب انہوں نے شاہ چارلس سوم کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ وہ اگلے 12 ماہ میں اپنے تمام فرائض سے دستبردار ہوکر اپنے بیٹے پرنس آف ویلز ولیم کو پرنس ریجنٹ بناکر تمام ذمہ داریاں دے دیں گے۔واضح رہے کہ پرنس ریجنٹ بادشاہ کی جانب سے نامزد کیا جاتا ہے جو بادشاہ کی جانب سے تمام فرائض انجام دے سکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ حال ہی میں برطانیہ کی وزیر اعظم بننے والی لیز ٹرس بھی مزید عہدے پر فائض نہیں رہ سکیں گی بلکہ ان کی جگہ ایک بار پھر غیر متوقع طور پر بورس جانسن واپس آجائیں گے اور وزیر اعظم کا منصب سنبھال لیں گے۔انہوں نے شہزادی این کے حوالے سے بھی پیشگوئی کی ہے کہ انہیں جلد ڈچس آف ایڈنبرا کا خطاب دیا جائے گا۔جمائما پیکنگٹن دنیا کی واحد نجومی ہیں جو اسپریگس (asparagus) نامی سبزی کا ہوا میں اچھال کر مستقبل کا احوال بتاتی ہیں۔انہوں نے یوکرین اور روس کے مابین جاری جنگ کے حوالے سے بھی حیران کن پیشگوئی کی ہے کہ یوکرین اس جنگ میں روس کو شکست دے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انہوں نے بریگزٹ، پرنس فلپ کی موتتھریسا مے کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹائے جانے اور ہیری اور میگھن کے شاہی خاندان سے الگ ہونے کی پیشگوئی کی تھی جو سچ ثابت ہوئیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ طویل مدت سے بادشاہت کے منتظر بادشاہ چارلس سوم کیا اگلے 12 ماہ میں ہی بادشاہت اپنے بیٹے شہزادہ ولیم کو منتقل کردیں گے؟
واضح رہے کہ لوگان سمیتھ نامی ایک اور نجومی نے ملکہ الزبتھ دوم کی تاریخ وفات کے حوالے بالکل درست پیشگوئی کی تھی۔ انہوں نے بادشاہ چارلس سوم کی تاریخ وفات کے حوالے سے بھی بتایا کہ بادشاہ 28 مارچ 2026 کو انتقال کر جائیں گے۔