کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایف آئی اے ہیڈکوارٹر سے ملک کےتمام زونل دفاتر کو مراسلے تحریر کیے گئے ہیں کہ ڈالر کی اونچی اُڑان کو روکنے کیلئے تمام مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔ روزنامہ جنگ میں اسد ابن حسن کی خبر کے مطابق چیف
آف اسٹاف برائے ڈائریکٹر جنرل جاوید قمر نے تمام زونل ڈائریکٹرز، اے ڈی جی اے ایم ایل /سی ایف ٹی اسلام آباد، نارتھ، ساؤتھ اور ڈائریکٹر ای سی ڈبلیو کو مراسلے بھیجے ہیں کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ لوکل مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں روزانہ کی بنیادوں پر اتار چڑھاؤ ہورہا ہے جس سے پاکستانی معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں اس مسئلے پر گفتگو ہوئی اور کچھ فیصلے بھی کیے گئے۔ ایک فیصلہ یہ بھی ہوا کہ ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ یہ فیصلہ بھی ہوا کہ غیر قانونی منی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے اور اس کی ہفتہ واری رپورٹ ڈائریکٹر ای سی ڈبلیو کو بھیجی جائے۔ مراسلے میں مزید تحریر کیا گیا ہے کہ تمام زونل ڈائریکٹر اس بات پر سختی سے نظر رکھیں۔