واشنگٹن ، سان سلواڈور (این این آئی)امریکی نشریاتی ادارے بلوم برگ نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے دورہ سعودی عرب میں بڑی کامیابی سے پہلے چھوٹی کامیابی حاصل کرلی، اسرائیل جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کیلئے سعودی فضائی حدود کے استعمال کا معاہدہ ہوگیا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کی سعودی اورخلیجی اتحادیوں سے ملاقاتیں مستقبل میں تیل کے معاملات کو فروغ دے سکتی ہیں، جوبائیڈن کا دورہ سعودی عرب ان کے سیاسی مستقبل کیلئے ان کی توقع سے زیادہ اہم ثابت ہوا۔بلومبرگ کا کہنا ہے کہ سعودی فضائی حدود سے متعلق اس معاہدے سے ایشیائی ممالک سے اسرائیل جانے والی پروازوں کو لمبا چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔بلومبرگ کے مطابق امریکا نے اسرائیل اور عرب ممالک کو ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کے مقابلے کیلئے تعاون کا بھی کہا ہے۔دوسری جانب لاطینی امریکا میں فلسطینی فیڈریشن (ایل سلواڈور میں ایک سول سوسائٹی کی تنظیم)نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا مشرق وسطی کا دورہ فلسطین پر صیہونی قبضے کو معمول پر لانے اور اسے برقرار رکھنے کے آپشن کی حمایت کے فریم ورک کا حصہ ہے۔یونین نے ایک بیان میں کہا کہ بائیڈن کا دورہ فلسطین میں نوآبادیاتی منصوبے کو وسعت دینے اور اسے گہرا کرنے کیلئے صہیونی دشمن کے ہاتھ مضبوط کرنے کی کوشش ہے۔یونین نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ’نام نہاد القدس ڈیکلریشن سے سبق حاصل کرے اور امریکی انتظامیہ اور اس کے دھوکے باز وعدوں میں نہ آئے۔انہوں نے فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی سازشوں کامقابلہ کرنے کے لیے تمام جماعتوں کا سیکرٹری جنرل کی سطح کا اجلاس بلایا جائے۔