بجٹ منظور کرانے کا شیڈول تبدیل
اسلام آباد ( آن لائن)حکومت نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط کی روشنی میں فنانس بل2022 میں ترامیم شروع کر دیں اورمالی سال2022-23 کا بجٹ کل منظور کرانے کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فنانس بل میں ترامیم کے تحت مختلف اہداف کو بدل کر بجٹ کا مجموعی ہدف تبدیل کیا جائے گا ،ترامیم سے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی شرح میں بھی ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان ترامیم پر حکومت اپنے اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لے رہی ہے اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ترمیمی فنانس بل کابینہ سے بھی منظور کرایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ترامیم شامل کرنے کی وجہ سے فنانس بل کی قومی اسمبلی سے منظوری کا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے ،پہلے فنانس ترمیمی بل 24 جون کو قومی اسمبلی سے منظور ہونا تھا،آئی ایم ایف کی شرائط کی روشنی میں ترامیم کے بعد فنانس بل اب اگلے ہفتے قومی اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔