لاہور( این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سابق ارکان قومی اسمبلی چودھری نذیر جٹ اور ان کی صاحبزادی عائشہ نذیر جٹ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس موقع پر چیئرمین ہانگ کانگ چیمبر آف کامرس اوورسیز پاکستانی چودھری گلزار محمد اور ڈاکٹر سرفراز بھی موجود تھے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چودھری نذیر جٹ سعودی عرب میں اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق بڑی خوش اسلوبی سے ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ صرف اے ٹی ایم چلانا جانتی ہے ای وی ایم نہیں، اسی لیے انہیں ای وی ایم پر الیکشن منظور نہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا ان کے بنیادی حقوق میں شامل ہے،
جعلی حکمرانوں کو عقل نہیں کہ فارن ایکسچینج اوورسیز پاکستانی بھیجتے ہیں جس سے پاکستانی معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ چودھری نذیر جٹ نے کہا کہ عمران خان کا آزادی لانگ مارچ پہلے بھی کامیاب ہوا تھا،
لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے اس میں شرکت کی، عمران خان کے حکم پر تحریک انصاف کے کارکن ڈی چوک پہنچ گئے تھے اس دوران پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے میری آنکھ پر بھی چوٹ آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹے، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔