اپر کوہستان(این این آئی) پاکستان اور چین کے درمیان آ ہنی دوستی ، اپر کوہستان میں پاک چین دوستی پولیس پوسٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔گوادر پرو کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز نے پاک چائنہ فرینڈ شپ پولیس پوسٹ کا افتتاح کیا۔
اپر کوہستان کے دورے کے دوران ڈی آئی جی نے چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید بہتر بنانے اور دیگر شہروں سے کوہستان میں داخل ہونے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا حکم دیا۔ پولیس چوکی کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ اس چوکی کے قیام کا بنیادی مقصد اپر کوہستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ اپر کوہستان میں داخل ہونے والے ہر فرد کی شناخت سمیت مکمل ڈیٹا اس تھانے کو فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ اپر کوہستان اس وقت ملک کا اہم ترین ضلع ہے جہاں سینکڑوں چینی اور دیگر غیر ملکی ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور مشتبہ جرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی نے زور دے کر کہا کہسرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کیے جائیں، چینی حکام سے ملاقاتیں کی جائیں اور ان سے درخواست کی جائے کہ وہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی افسران کو بتائے بغیر حرکت نہ کریں۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اپر کوہستان طاہر اقبال خان، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اپر کوہستان واصف الرحمان، چینی حکام اور دیگر نے شرکت کی۔