اسلام آباد۔۔۔۔ پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) گلو بٹوں کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔فیصل آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم پر اپنا درعمل دیتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر امن سیاست پر یقین رکھتی ہے اور جو کچھ ن لیگ کے کارکنوں نے فیصل آباد میں کیا ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے، حکمران ہمارے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ پنجاب پولیس مسلم لیگ (ن) کے گلوبٹوں کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتی ہے، (ن) لیگ کی ڈنڈا بردار فورس نے ہمارے کارکنوں پر حملہ کیا، صوبائی حکومت کے غیرجمہوری ہتھکنڈوں کی پرزور ممذمت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ عمران خان کی کال پر فیصل آباد میں تحریک انصاف کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر سڑکوں کو بلاک کر دیا گیا جس کی وجہ سے ن لیگ کے کارکن بھی مشتعل ہو گئے اور دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا اور فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق بھی ہو گیا۔