کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ نے 43 رنز سے میچ جیت لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے کے لئے پال اسٹرلنگ اور الیکسہیلز آئے، الیکس ہیلز نے 22 رنز بنائے اور فالکنر کی گیند پر وینس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے،
پال اسٹرلنگ نے 28 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور وہ محمد نواز کی گیند پر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان صرف نو رنز بنا سکے، وہ محمد نواز کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کولن منرو اور اعظم خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اعظم خان نے 35 گیندوں پر 65 رنز بنائے ان کی اننگز میں چھ چھکے اور دو چوکے شامل تھے، وہ شاہد آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کولن منرو نے 39 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے دو جبکہ جیمز فالکنراور شاہد آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس طرح مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لئے 230 رنز کا ہدف دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احسن علی اور عبدل بنگلزئی نے اننگز کا آغاز کیا، عبدل بنگلزئی نے 14 رنز بنائے اور وہ حسن علی کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، احسن علی نے پچاس رنز بنائے اور وہ شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جیمز وینس کوئی رنز نہ بنا سکے، سرفراز احمد نے 11 رنز بنائے اور وہ شاداب کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بین ڈکٹ نے بھی 11 رنز بنائے اور وہ شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد نے 6 رنز بنائے اور وہ شاداب خان کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
شاہد آفریدی 4 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر حسن علی کو کیچ تھما بیٹھے۔ محمد نواز اور جیمز فالکنر نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، محمد نواز نے 22 گیندوں پر 47 رنز بنائے اور حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، سہیل تنویر اور نسیم شاہ کوئی رنز نہ بنا سکے، جیمز فالکنر نے 30 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے
اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں آؤٹ ہو گئی اور وہ 186 رنز ہی بنا سکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا انہوں نے پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے۔ محمد وسیم اور حسن علی نے دو، دو اور وقاص مقصود نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔