واشنگٹن(این این آئی)گزشتہ سال امریکا میں تقریبا 7 کروڑ لوگوں نے نوکریاں چھوڑیں جس کے باعث بڑی تعداد میں نئے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملے۔غیر ملکی خبررساں کے مطابق امریکا کے ادارہ شماریات کی جانب سے وفاقی ملازمین سے متعلق ایک فہرست جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ 2021 میں ریکارڈ تعداد میں لوگوں نے اپنی نوکریوں کو
خیرباد کہا جس کے باعث بڑی تعداد میں نئے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال صرف دسمبر کے مہینے میں 43 لاکھ لوگوں نے نوکریوں کو خیرباد کہا اور یہ تعداد نومبر سے کم ہے ، جس میں 45 لاکھ لوگوں نے اپنی نوکریوں کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔رپورٹ میں امریکی شہریوں کی جانب سے نوکری چھوڑنے کی وجوہات بتاتے ہوئے لکھا کہ کچھ لوگوں نے اچھے پیسوں کے لیے تو کچھ نے بہتر سہولیات کی خاطر اپنی نوکریوں کو خیرباد کہا جب کہ زیادہ تر لوگوں نے کورونا کی عالمی وبا کے دوران اپنے بچوں کو فیملی کی دیکھ بھال کی خاطر گھر بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب نوکریوں کو خداحافظ کرنے والوں میں ایک بڑی تعداد ایسے لوگوں کی بھی ہے جو اپنی ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ چکے تھے تاہم انہوں نے وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوکریاں چھوڑیں کیوں کہ انہیں خدشہ تھا کہ کورونا کے باعث انہیں نوکریوں سے نکالا جاسکتا ہے۔رپورٹ میں
2021 کو امریکا کے لیے روزگار تلاش کرنے والوں کے لیے تاریخی سال قرار دیا گیا اور اس حوالے سے 2011 سے 2021 تک کا ڈیٹا دکھایا گیا جس میں گزشتہ سال روزگار کے مواقع کی شرح بلند ترین رہی۔ 2011 میں 3 لاکھ لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر تھے جب کہ 2021 میں تقریبا 11 لاکھ لوگوں کو یہ مواقع ملے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ
سال 6 کروڑ 89 لاکھ لوگوں نے نوکریاں چھوڑی یا پھر انہیں نکالا گیا اور ان میں 4 کروڑ 74 لاکھ لوگوں نے خود ہی نوکریوں کو خیرباد کہا۔ اس کے برعکس 2021 میں امریکا میں 7 کروڑ 53 لاکھ نئے لوگوں کو نوکریوں پر رکھا گیا۔واضح رہے گزشتہ روز یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ایک نئی تحقیق کے مطابق بڑی تعداد میں برطانوی اپنی نوکریاں چھوڑ کر آن لائن اسٹار بننا چاہتے ہیں۔