اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر اعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زر داری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرف نے 2 گھرانوں کی چوری معاف کرکے جرم کیا ۔ اتوار کو ’’آپ کا وزیر اعظم،آپ کے ساتھ‘‘لائیو ٹرانسمیشن میں
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف نے 2 گھرانوں کی چوری معاف کرکے جرم کیا، ہم نے ڈاکوؤں کیساتھ کوئی مفاہمت نہیں کرنی، سیاست میں ان ڈاکوؤں کیخلاف ہی آیا ہوں، کوئی طاقتور جیلوں میں نظرنہیں آتا، 3 بارکے وزیراعظم کے بچے بیرون ملک بیٹھے ہیں ، میں ملک سے نہیں بھاگا، کیسز کا سامنا کیا، کہا جاتا ہے کہ میں شہبازشریف سے ہاتھ نہیں ملاتا، شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہیں قومی مجرم سمجھتا ہوں، شہبازشریف نے داماد اور بیٹے کو ملک سے فرار کرایا، شہبازشریف پارلیمنٹ میں 3،3 گھنٹے کی تقریریں کرتے ہیں، تقریر کم اورجاب کی درخواست زیادہ ہوتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 16 کروڑ روپے کیسے آگئے؟، جب سوال پوچھاجائے تو کہتے ہیں بچے باہر ہیں ان سے پوچھیں۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف کیس کا روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ ہونا چاہیے۔