اسلام آباد(آن لائن ) سابق مایہ ناز بیٹسمین جاوید میانداد نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے پاس ہر ٹیم کے خلاف پلان ہونا چاہیے اور کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ نجی ٹی وی
سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج آسٹریلیا نے بہت اچھی باؤلنگ کی اور آسٹریلیا نے وکٹیں اپنے ہاتھ میں رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو اپنے اوپر اعتماد رکھنا چاہیے اور کھلاڑیوں کے پاس اے، بی، سی پلان ہونے چاہئیں۔ کھلاڑیوں کے پاس ہر ٹیم کے خلاف بھی پلان ہونا چاہیے۔جاوید میانداد نے کہا کہ کھلاڑیوں کو چاہیے کہ کسی بھی چیز کا پریشر نہ لیں اور کھلاڑیوں کو بغیر کسی پریشر کے کھیلنا چاہیے۔ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے سب پاکستانیوں کو تیار ہو جانا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف پلاننگ کے ساتھ کھیلنا ہے کیونکہ آسٹریلیا کی ٹیم کافی اچھی ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹ ایک گیم ہے اس میں ہار اور جیت دونوں ہوتی ہیں لیکن کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔