کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہونے کے بعد آج تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے کچھ دیر کے بعد ڈالر کی قیمت
میں 37 پیسے اضافہ ہواجس کے بعد ڈالر 172.78 روپے سے مہنگا ہوکر نئی بلند ترین سطح 173.15 روپے پر پہنچ گیا ہے۔دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ 5 ماہ 12 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 20روپے 87 پیسے مہنگا ہوچکا ہے ، 7 مئی 2021 کو انٹر بینک میں ڈالر 152.28 روپے پر تھا۔ معاشی ماہر اسد رضوی کا کہنا ہے کہ ڈالر 20روپے سے زیاد مہنگا ہونے سے پاکستان کے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 2400 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔معیشت کو ابھی بھی بہت سے چیلنجز ہیں۔کرنٹ اکاونٹ خسارہ اور تجارتی خسارہ کا مسلسل بڑھنا بھی چیلنج ہے۔ ، معاشی ماہر اسدرضوی کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد شرائط لاگو ہونا بھی بڑا چیلنج ہوگا۔آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔