اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن )نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ہوں گے،کل تک نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزرا نے اعلی عسکری حکام سے ملاقات کی، جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور نیوز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے، وہ آئندہ ہفتے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن کل تک جاری کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاک فوج
میں اعلیٰ سطح پر تقرر اور تبادلے کیے گئے ہیں اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 16 جون 2019 کو پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرلز کی اہم تقرر اور تبادلے کیے گئے تھے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا تھا۔