اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ہیکرز نے 10میل دور اپنے گھر میں صوفے پر بیٹھ کر ایک جیپ کے اندر موجود سسٹم کو اس کے وائرلیس انٹرنیٹ کے ذریعے ہیک کیا اور جیپ کی بریکیں فیل کر دیں۔ ڈرائیور پاگلوں کی طرح بریک کا پیڈل دباتا رہ گیا لیکن گاڑی بے قابو ہو کر کھائی میں اتر گئی۔ہیکرز کا کہنا ہے کہ ”ہم نے ایک لیپ ٹاپ اور موبائل فون کے ذریعے گاڑی کے وائرلیس انٹرنیٹ کنکشن کی مدد سے اس کا سسٹم ہیک کیا۔ “ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا بھر میں موجودFiat Chryslerکی 4لاکھ70ہزار گاڑیاں اس طرح ہیک کی جا سکتی ہیں۔ گاڑی کی ہیکنگ کا یہ واقعہ امریکی ریاست میسوری کے شہر سینٹ لوئس میں پیش آیا جہاں اینڈی گرین برگ کی گاڑی کا سسٹم ہیک کیا گیا۔اینڈی کا کہنا ہے کہ سسٹم ہیک ہونے کرنے کے بعد ہیکرز نے گاڑی کے ریڈیو کی آواز بہت زیادہ کر دی، پھر انہوں نے ونڈسکرین کے وائپرز چلا دیئے اور سکرین پر پانی چھڑکنا شروع کر دیا جس سے سکرین دھندلی ہو گئی۔ اس کے بعد کار کی ڈیجیٹل سکرین پر 2ہیکرز کی تصویر نمودار ہوئی۔گرین برگ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ہیکرز نے گاڑی کی رفتار آہستہ کر دی جس سے میرے پیچھے گاڑیوں کی قطار لگ گئی،اس کے بعد ہیکرز نے جیپ کی بریکیں فیل کر دیں جس سے میں بوکھلا گیا اور دیوانہ وار بریک کا پیڈل بار بار دبانے لگا، اسی دوران میری جیب کھائی میں اتر گئی۔ گاڑیوں کی ہیکینگ کے خطرے نے اب دنیا بھر کے آٹو موبیل ماہرین کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ کوئی نہیں جانتا کہ اگلا نشانہ کون بنے گا۔