برمنگھم (نیوز ڈیسک ) برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی کی لائبریری میں ممکنہ طور پر قرآن پاک کا قدیم ترین نسخہ ملاہے۔ یونیورسٹی کے مطابق ٹیسٹ سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ نسخہ کم از کم 1370 سال پرانا ہے جو یونیورسٹی کی لائبریری میں تقریباً گزشتہ سو سال سے پڑا ہوا تھا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے ریڈیو کاربن ایکسلیریٹر یونٹ میں کیے گئے ٹیسٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نسخہ بھیڑ یا بکری کی کھال پر تحریر کیا گیا ہے۔ یہ 568 اور 645 کے درمیان کا نسخہ ہے۔ قرآن مجید کا یہ نسخہ خط حجازی میں ہے جس طرح عربی رسم الخط اس زمانے میں رائج تھا۔ برمنگھم کی مقامی مسلمان آبادی نے قدیم نسخے کی دریافت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ نسخے کی نمائش کی جائے گی۔