اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے قائدمیاں نواز شریف کے داماد کیپٹن ر یٹائرڈ صفدر نے حامد میر پر پابندی کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22کروڑ عوام نواز شریف کو آگے کر کے فیصلہ کر لیا اب یہ فیصلہ کسی فرد واحد کا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ
حامد میر جیسا بہادر بچہ پیدا کرنے پر میں وارث میر کو سلام پیش کرتا ہوں،حامد میر ان جرنلسٹوں کے حق میں بولتے ہیں جو بکے نہیں ، جو لفافے لے کر خاموش رہتے ہیں وہ کیسے بول سکتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ میں جلسوں کے حوالے سے کارکنوں کو پیغام دے کر اپنے اوپر ایف آئی آر نہیں کٹوانا چاہتا کیونکہ اس سے قبل میں بھی میں ایک لاکھ لوگوں کو لانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد میرے اوپر دہشت گردی کا مقدمہ ہو گیا ۔ دوسری جانب نجی نیوز چینل جیو نیوز کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ حامد میر پیر سے اپنے شو کی میزبانی نہیں کریں گے اور انھیں کچھ عرصے کے لیے چھٹی پر بھیجا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حامد میر ابھی بھی جنگ گروپ کے ساتھ وابستہ ہیں تاہم اطلاعات کے مطابق جیو کے اینکر پرسن محمد جنید کو حامد میر کی جگہ میزبانی کے فرائض سرانجام دینے کے لیے کراچی سے اسلام آباد بلا لیا گیا ہے۔قبل ازیں حامد میر نے بتایا کہ انتظامیہ نے مجھے کہا کہ میں پریس کلب کے سامنے کی تقریر کی وضاحت یا تردیدکروں۔ میں نے ان سے پوچھا یہ آپ سے کون کہہ رہا ہے۔میں نے ان سے کہا کہ اگر وہ اسد طور پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کر لیتے ہیں تو میں وضاحت چھوڑیں، معافی بھی مانگنے کو تیار ہوں۔ حامد میر کامزید کہنا تھا کہ ماضی کے برعکس اس بار ان کی بیوی اور بیٹی کو دھمکیاں ملی ہیں جبکہ ان کے بھائی کو ایف ائی اے نے کسی پرانے کیس میں طلب کیا ہے۔دریں اثنا ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں حامد میر نے مزید بتایا کہ یہ سب ان کے لیے نیا نہیں۔ مجھ پر دو بار پابندی لگی اور دو بار اپنی نوکری سے ہاتھ دھوئے۔ میں حملوں کے باوجود زندہ ہو لیکن آئینی حقوق کے لیے آواز اٹھانا نہیں چھوڑ سکتا۔ میں اس بار کسی بھی قسم کے نتائج اور کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہوں کیونکہ وہ میرے خاندان کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔