برسلز (نیوزڈیسک)ایف آئی ایچ ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلز میں پاکستان برطانیہ سے شکست کے بعد آئندہ برس شیڈول ریو اولمپکس گیمز سے باہر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بیلجیئم میں جاری اولمپکس کوالیفائنگ راﺅنڈ کے کوارٹر فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ برطانیہ سے تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے برطانیہ کا ساتھ دیا اور اس نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے زیر کر کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، پہلے کوارٹر کے شروع میں ہی برطانیہ کے گریفتھس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف برتری دلائی، 5 منٹ بعد برطانیہ کے بروگڈن نے گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، برطانیہ کی یہ برتری پہلے کوارٹر تک برقرار رہی، دوسرے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا تاہم کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، تیسرے کوارٹر میں بھی شاندار مقابلہ دیکھنے کو آیا، برطانیہ برتری بڑھانے اور پاکستان برتری ختم کرنے میں ناکام رہا، چوتھے اور آخری کوارٹر کے تیسرے ہی منٹ میں عمر بھٹہ نے گول کر کے مقابلہ 2-1 گول کر دیا اور ٹیم کو امید دلائی لیکن اس کے بعد انگلینڈ نے دفاعی حکمت عملی اپنائی اور سرتوڑ کوشش کے باوجود بھی گرین شرٹس میچ برابر کرنے میں ناکام، اس طرح برطانیہ نے 2-1 گول کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، شکست کے بعد گرین شرٹس اولمپکس گیمز سے باہر ہو گئی اس سے قبل گرین شرٹس 2014ءایف آئی ایچ ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوئی تھی۔