اسلام آباد (آن لائن)زرعی ترقیاتی بینک کے دو برانچوں میں 26 کروڑ روپے کا فراڈ کیا گیا ہے اس فراڈ میں دونوں برانچوں کے مشیر ،ایم سی اوز اور دیگر عملہ ملوث ہے۔بینک حکام اس فراڈ کے ملازمین کی نشاندہی کے لئے شروع کی گئی انکوائری 9 سال میں مکمل کی ہے اور مقدمات کرانے کے باوجود لوٹے گئے 26 کروڑ روپے ریکور نہیں کئے۔
یہ فراڈ سرائے نورنگ برانچ اور حیدری برانچ سندھ میں کیا گیا تھا ۔سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک پر 2 کروڑ 37 لاکھ کا جرمانہ کیا تھا جو اب کسانوں سے وصول کیا جا چکا ہے جبکہ کسان سپورٹ کمپنی میں قواعد کے برعکس 118 ملازمین کو بھرتی کرائے ۔بینک سے 10 کروڑ کی خطیر رقم ان ملازمین میں تقسیم کی گئی تھی ۔رپورٹ کے مطابق بینک حکام نے ڈیفالٹرز اور مقروض کسانوں کو مزید ایک کروڑ روپے کا قرضہ دے دیا ہے جس سے بینک کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ بینک کے صدر نے وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر بینک کے مقدمات نمٹانے کے لئے بینک محتسب میں ایک من پسند شخص کو تعینات کیا ہے اور ماہانہ 4 لاکھ50 ہزار تنخواہ مقرر کی اور مجموعی طور پر 75 لاکھ روپے سے زائد اس شخص پر بانٹ دیئے گئے ۔رپورٹ کے مطابق بینک کے صدر نے ایچ آر کنسلٹنٹ کے قریبی شخص کو 5 لاکھ ماہانہ تنخواہ پر بھرتی کر کے قومی خزانہ کو بے دریغ نقصان پہنچایا ہے ۔بینک کے غلط اقدامات سے سٹیٹ بینک نے ان پر جرمانہ کی شرح142 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔بینک حکام نے کسانوں کو قرضے دینے کے بجائے 16 ارب روپے دیگر کمرشل بینکوں میں سرمایہ کاری پر لگا دیئے اور منافع کھانے میں مصروف ہیں ۔زرعی بینک سٹیٹ بینک سے چار فیصد سالانہ 60 ارب کا قرضہ لیتا ہے جو کسانوں کو15 فیصد پر قرضے دیتا ہے جس کو غیر منصفانہ اقدام قرار دیا گیا ہے ۔