پشاور (این این آئی)محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق پشاور میں سرکاری اسکول کے 5 اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔حکام کے مطابق اساتذہ کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ ایک ہفتہ قبل کرائے گئے تھے
، جن کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔حکام کے مطابق اساتذہ کا تعلق گورنمنٹ ہائرسکینڈری اسکول نمبرون صدر سے ہے، کورونا سے متاثرہ اساتذہ طلبا سے نہیں ملے ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق کورونا پازیٹو آنے والے اساتذہ کے دوربارہ بھی کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے بھر کے اساتذہ کے مرحلہ وار ٹیسٹ کے لیے محکمہ صحت سے بات ہوچکی ہے۔دوسری جانبکورونا وائرس کی وباء کے باعث بندش کے 7 ماہ بعد اسکول کھلنے کے پہلے دن پشاور کے تعلیمی اداروں سے گنجائش نہ ہونے پر کچھ طلباء کو گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔تعلیمی اداروں میں سماجی فاصلے کے ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے یہ قدم اٹھایا گیا ۔پشاور کے اسامہ ظفر سینٹینل ماڈل اسکول کے وائس پرنسپل ممریز خان نے بتایا کہ کلاس رومز میں طلباء کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گنجائش نہ ہونے پر طلباء کو گھروں کو واپس بھیج دیا گیا، تعلیمی اداروں میں طلباء 2 یا 3 شفٹوں میں آئیں گے۔پرنسپل ممریز خان کے مطابق 3 شفٹیں ہونے کی صورت میں طلباء کو 2 روزبعد آنا ہو گا، پہلے دن آنے والے طلباء کی اگلے دن چھٹی ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم نے اسمارٹ سلیبس تیار کیا ہے، اس اسمارٹ سلیبس کے مطابق نصاب کو مختصر کیا جا رہا ہے۔