اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سائنسی جریدے بائیولوجیکل کیمسٹری کی اشاعت میں امریکی تحقیق کار کرسٹوفر ایڈمز اور ان کے ساتھیوں نے دریافت کیا ہے کہ پھلوں میں موجود قدرتی مرکبات پٹھوں کے نقصان کی روک تھام کر سکتے ہیں۔عمر کے ساتھ ساتھ پٹھوں کی کمزوری ایک عام مسئلہ ہے،
لیکن ایک نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ سیب اور ٹماٹر کھانے سے بڑی عمر کے لوگوں میں پٹھوں کی کھوئی ہوئی طاقت کو واپس بحال کیا جا سکتا ہے۔آئیوا یونیورسٹی کے طبی ماہرین کو سیب اور ٹماٹر میں ایک مرکب ملا ہے، جو عمر بڑھنے کے ذ مہ دار پروٹین کی سرگرمیوں کو روک سکتا ہے۔تحقیق کار کرسٹوفر ایڈمز نے کہا کہ دو ماہ تک سیب اور ٹماٹر کے استعمال سے بوڑھے افراد کے پٹھوں کو ناکارہ یا ختم ہونے سے بچایا جا سکتا ہے ،یونیورسٹی کے شعبہ انٹرنل میڈیسن سے وابستہ محقق ایڈمز کے مطابق سیب کے چھلکے میں پایا جانے والا کیمیکل ارسولک ایسڈ اور سبز ٹماٹر میں پائے جانے والے اجزاٹوماٹیڈائن پٹھوں کو ناکارہ ہونے سے اور عضلات کی کمی کو روکتا ہے۔محققین نے اپنی تحقیقات کو انسانی طبی ٹیسٹ میں جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے بالاآخر ممکنہ طور پر پٹھوں کی مضبوطی کی ادویات کی نئی رینج متعارف ہو سکتی ہے۔