کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ میںبیمار جانورذبخ کرکے شہریوں کو یرقان زدہ گوشت کھلانے کا انکشاف ہوا ہے تاہم ضلعی سربراہ محکمہ حیوانات نے بروقت اورفوری کاروائی کرتے ہوئے ذبح شدہ جانور کاگوشت قبضہ میں لے کر تلف کردیا اور کوہاٹ
کے شہریوں کو ہیپٹائٹس سے شدید متاثرہ جانور کا گوشت کھلانے سے بچالیا۔باخبرذرائع کے مطابق جمعہ کی علی الصبح سلاٹرہاؤس کوہاٹ میں ایک بیمار جانور(کٹا‘ بھینس کابچہ ) ذبح کیا گیا جس کا گوشت پیلا تھا۔موقع پر موجود ڈاکٹر اسماعیل نے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک شاہوار کو اطلاع کردی جس پر ڈاکٹرشاہواربھی سلاٹرہاؤس پہنچ گئے اور معائنہ کرنے کے بعد انکشاف ہوا کہ ذبح شدہ جانور کو ہیپیٹائٹس اے‘ بی اور سی کا مرض لاحق تھا۔ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر شاہوارکے مطابق عامر نامی مقامی قصاب متاثرہ جانور کا گوشت لے گیا تھا لیکن فروخت کئے بغیر ہی ساراگوشت رضاکارانہ طورپر واپس کردیا جس پر اْنہوں نے کاروائی کرتے ہوئے ذبح شدہ جانور کا گوشت قبضہ میں لے کر تلف کردیا اور یوں کوہاٹ کے شہریوں کو یرقان زدہ جانور کاگوشت کھلانے سے بچالیا۔