کراچی(این این آئی)محکمہ صحت سندھ کی سنگین نااہلی سامنے آئی ہے،جہاں کراچی میں پندرہ سال سے تعینات جعلی ڈاکٹر کے موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی میں واقع سندھ گورنمنٹ ہسپتال میں مبینہ جعلی ڈاکٹر کا انکشاف ہوا،علاقہ مکینوں نے مبینہ جعلی ڈاکٹر کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔واقعے سے متعلق پولیس نے موقف دیاہے کہ مبینہ جعلی ڈاکٹر گذشتہ پندرہ سالوں سے سرکاری ہسپتال
میں لوگوں کا علاج کررہا تھا،مبینہ جعلی ڈاکٹر امجد کا ہسپتال کے برابر میں میڈیکل سٹور بھی ہے،جعلی ڈاکٹر سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔واقعے کے بعد ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو طلب کرلیا گیاہے،ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانچ کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔محکمہ سندھ کی سنگین غفلت سے متعلق علاقہ مکینوں نے بتایاکہ مبینہ جعلی ڈاکٹر آٹھویں کلاس پاس ہے جو پندرہ سال سے انسانی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔