اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا سے متعلق صورتحال بہتر ہوتی جارہی ہے ۔ پاکستان میں وائرس سے متعلق عالمی اداروںکی رپورٹس دھری رہ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کیسز میں 80 فیصد کمی ہوئی ہے اور 2 لاکھ 73 ہزار تشخیص شدہ مریضوں میں سے 2 لاکھ 37 ہزار صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کا اقرار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ہےکہ پاکستان میں کورونا سے متعلق صورتحال بہتر ہوتی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی نے خبردار کیا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے کیوں کہ عید الفطر پر سماجی فاصلہ نظر انداز کرنے سے کورونا پھیلا اور اب عیدالاضحی اور محرم الحرام کے دوران کورونا کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 273113 ہوگئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 5822 ہے۔