لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )یہ ریسرچ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام کی جارہی ہے ۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن کورونا کے مریضوں کو3 ادویات ہائیڈروکسی کلوروکوئن، ازتھرومائسن اور اوسلٹا مویر مشترکہ طور پر دی گئیں ان میں صحت یابی کا تناسب 86 فیصد رہا۔
قومی موقرنامے میں شائع رپورٹ کے مطابق یو ایچ ایس نے ابتدائی طور پر 5 جولائی تک شامل کیے گئے 525 مریضوں کا ڈیٹا جاری کیا ۔ نتائج کا اعلان وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے خصوصی تقریب میں کیا جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تھے ۔وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا کہ ریسرچ میں 8 شہروں سے 10 یونیورسٹیوں سمیت 12 مراکز کو شامل کیا گیا۔ اس تحقیق میں 18 سال سے زائد عمر کے کورونا مریضوں کو شامل کیا گیا جنہیں آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ریسرچ میں شامل 60 فیصد کورونا مریض مرد جبکہ 40 فیصد خواتین تھیں۔ سات گروپس کو ادویات مختلف کمبینیش میں دی گئیں جبکہ ایک کنٹرول گروپ کو کچھ نہیں دیا گیا۔ریسرچ کے پہلے ہفتے میں صحت یابی کی شرح 33.5 فیصد رہی جبکہ دوسرے ہفتے میں صحت یابی کی شرح بڑھ کر 72.2 فیصد ہو گئی۔