لاہور (آن لائن) صوبائی دارلحکومت لاہور میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے ایکسپو سنٹر لاہور میں بنایا گیا فیلڈ ہسپتال حکومت کے لئے سفید ہاتھی کی شکل اختیار کر گیا ہے مذکورہ فیلڈ ہسپتال میں ڈاکٹر نرسیں اور پیرا میڈیکل سمیت کروناکے علاج میں استعمال ہونے والے آلات تو موجود ہیں لیکن ایکسپو فیلڈ ہسپتال میں کوئی مریض زیر علاج نہیں رہا۔ جس کے باعث ایکسپو سنٹر کا کرایہ جو اس وقت 55 کروڑ ہے بغیر مریضوں کے اگر ہسپتال کو جوں کا توں رکھا گیا تو کرائے میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایکسپو سنٹر
فیلڈ ہسپتال میں آخری چار مریض زیر علاج تھے جنہیں بھی ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ 90کروڑ کے اس منصوبے کی مد میں لاہور کی ضلعی انتظامیہ یا محکمہ صحت پنجاب ایکسپو سنٹر انتظامیہ کے 55 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں۔ 1 ہزار بستروں پر مشتمل اس فیلڈ ہسپتال کی مد میں ایکسپو سنٹر میں پنجاب حکومت سے جو کروڑوں روپے موصول کرنے ہیں وہ تاحال ادا نہیں کئے گئے جبکہ ایکسپو سنٹر انتظامیہ کا مرکزی ذرائع آمدن ہی کرایہ ہے جو انتظامیہ ایکسپو سنٹر میں مختلف سیمینار نمائشیں اور دیگر تقریبات منعقد کر کے کرائے کی مد میں وصول کرتی ہے۔