واشنگٹن(این این آئی )امریکا نے عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طورپر دست بردار ہونے کیلئے نوٹس سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹریس کو پہنچا دیا جس کی تصدیق وائٹ ہاوس نے کردی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ دست برداری کے لئے ایک سال پہلے نوٹس دیا جاتا ہے۔ اس لئے امریکا 6 جولائی 2021 تک ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی اختیار نہیں کرسکتا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپریل میں الزام لگایا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کے پھیلاو سے متعلق بروقت اور شفاف معلومات دینے میں ناکام رہا ہے، اس لیے امریکا عالمی ادارے کی تقریبا 50 کروڑ ڈالرز کی سالانہ امداد روک لے گا۔دوسری جانب امریکا کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا کہ وہ صدر منتخب ہوئے تو امریکا پہلے ہی روز عالمی ادارہ صحت میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلے گا۔