بیجنگ (این این آئی) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے شفاف اقدامات کیے ہیں اور کورونا کی ویکسین کی ترقی پذیر ممالک میں باآسانی رسائی یقینی بنائی جائے گی۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تحت ہونے والی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے چینی صدر نے کورونا کی وبا کے آغاز میں چین کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا دفاع کیا۔شی جن پنگ نے کہا کہ ان کا ملک وبا کے کنٹرول میں آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت کے تحت دنیا بھر کے
کورونا سے متعلق ردعمل اور اقدامات کی مکمل تحقیقات کی حمایت کرتا ہے تاہم یہ تحقیقات بامقصد اور غیر جانبدار ہونی چاہئیں۔چینی صدر نے آئندہ دو سال کیلئے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کیلئے 2 ارب ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ اگر چین نے کورونا کی ویکسین بنائی تو اسے دنیا بھر کے شہریوں کیلئے دستیاب کرے گا اور ترقی پذیر ممالک میں اس کی رسائی کو یقینی بنائیگا۔اپنے خطاب میں چینی صدر نے کورونا کی وبا کے بحران کو جنگ عظیم دوم کے بعد سب سے بڑا بحران قرار دیا۔