کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کاروں نے کہاکہ پاکستان وبا پھیلنے کے باوجود لاک ڈاؤن نرم کرنے والا پہلا ملک ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کارحسن نثار نے کہا کہ وزیراعظم جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کے علاوہ کیا کرسکتے تھے،بہت اچھا فیصلہ ہے اس کے علاوہ کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا تھا۔صوبے اپنی صورتحال دیکھ کر اس کے مطابق فیصلہ کریں۔
پروگرام میں موجود سلیم صافی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کو نرم کرنے کا فیصلہ کیا اس کے علاوہ کوئی چارہ بھی نہیں تھا، پاکستان میں ابھی تک حقیقی لاک ڈاؤن ہی نہیں ہوا ہے۔کاروبار اور ادارے تو بند کیے گئے لیکن لاک ڈاؤن کہیں نظر نہیں آیا، دیہات چھوڑیں شہروں میں بھی چہل پہل اور ٹریفک چل رہا تھا ، ابھی تک ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس بھی مہیا نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے 100سے زائد طبی عملہ کورونا سے متاثر ہوچکا ہے، اس صورتحال میں لوگوں کو مکمل آزاد چھوڑا گیا تو وہ زیادہ خطرناک ہوگا۔حکومت سیاسی، مذہبی ، سماجی اور کاروباری تنظیموں کو اعتماد میں لے تب ہی لاک ڈاؤن پر عمل کرسکتی ہے، حکومت اپنا میچ جاری رکھنا چاہتی ہے تو پھر نتائج نہیں ملیں گے، یہ حکومت تو اپنے وزراء میں تعاون کا ماحول پیدا نہیں کرسکی اتنی بڑی وبا کا تنہا مقابلہ کیسے کرے گی۔حکومت فضولیات میں پڑنے کے بجائے ٹیسٹنگ، ڈاکٹروں کیلئے حفاظتی سامان، قرنطینہ سینٹرز بنانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو واپس لانے سے پہلے مناسب انتظامات پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔