اسلام آباد(سی پی پی)نیب نے شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 9 ملزمان کے خلاف ایل این جی ریفرنس دائر کردیا۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس کی سماعت کی۔ نیب راولپنڈی نے اختیارات کے غلط استعمال پر شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 9 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔مقدمے میں کہا گیا کہ ملزمان نے مارچ 2015سے ستمبر 2019تک ایک کمپنی کو 21ارب روپے
سے زائد کا فائدہ پہنچایا جس سے 2029تک قومی خزانے کو 47ارب روپے کا نقصان ہوا۔ ایل این جی معاہدے کے باعث عوام پرگیس بل کی مد میں 15سال کے دوران 68ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا، پی ایس او کے سابق ایم ڈی شیخ عمران الحق نے بھی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا، کیس میں سابق سیکرٹری عابد سعید اور ایم ڈی پیٹرولیم شیخ عمران الحق اہم گواہ بن گئے ہیں۔احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 16دسمبر تک ملتوی کردی۔