جدہ(این این آئی)دو روز قبل سعودی عرب کے شہر جدہ میں گھنے بادلوں اور اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کے سہانے رومانوی موسم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک مقامی فوٹو گرافر نے اس موسم کے دل کو چھو لینے والے کچھ مناظر اپنے کیمرے میں محفوظ کرلیے ۔سعودی عرب کے مغربی شہر جدہ میں بحر احمر کے کنارے پر واقع دنیا کے بلند ترین فوارے سے ہم آغوش ہونے والی آسمانی بجلیوں کے مناظر سیاحوں اور مناظر فطرت کے شائقین کے لیے غیر
معمولی توجہ کا باعث بنے۔سوسائٹی آف کلچر اینڈ آرٹس کے ایک رکن فوٹوگرافر عادل محمد نے عرب ٹی وی کو بتایا کہ میں جدہ کے جنوب سے بارش کے بادلوں کا تعاقب کرتے ہوئے شاہ فہد فوارے جسے فوارہ جدہ بھی کہا جاتا کے قریب پہنچ گیا۔ یہ رات 9 بجے کا وقت تھا۔ آسمان پر بادل گرج اور بجلیاں چمک رہی تھیں۔ میں فوارے کے قریب تصاویر لینے کیلئے پوزیشن میں بیٹھ گیا۔ اگلے چند لمحات میں میری خواہش پوری ہوگئی کیونکہ بجلیاں چمکنا شروع ہوگئی تھیں۔