اسلام آباد(نیوزڈیسک )سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈائریکٹ میسجز کے دوران 140 حروف کی پابندی ختم کردی گئی۔عالمی مےڈےا کے مطابق مقبول سوشل نیٹ ورک میں صارفین 140 الفاظ سے زیادہ کا پیغام تحریر نہیں کرسکتے تھے۔تاہم اب ٹوئٹر نے دیگر موبائل میسجنگ اپلیکشنز کو سخت ٹکر دینے کے لیے ڈائریکٹ میسجز پر الفاظ کی حد ایک ہزار تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔خیال رہے کہ ڈائریکٹ میسج کے ذریعے آپ ٹوئٹر کے کسی بھی صارف کو پیغام بھیج سکتے ہیں۔تاہم ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے صارفین اس فیچر کے ذریعے ایک ہزار الفاظ تک کا پیغام دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرسکیں گے، جبکہ اس میں دیگر افراد کے ٹوئیٹس امبیڈ اور شیئر بھی کرسکیں گے۔ٹوئٹر کے ڈائریکٹ میسج کے پراڈکٹ منیجر سچن اگروال نے کمپنی کے آفیشل بلاگ پر اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال کے دوران اس فیچر کو بہت بہتر بنایا ہے اور اب مزید پرجوش کام ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی تبدیلی تو جولائی سے ہورہی ہے اور اب صارفین کے لیے 140 الفاظ کی حد کو ختم کیا جارہا ہے۔واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو طویل پیغام بھیجنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور ٹوئٹر کے لیے اس میں بہتری لانا مسابقت کے لیے بہت ضروری تھا۔تاہم سچن اگروال نے کہا کہ پبلک ٹوئیٹس پر 140 حروف کی حد برقرار رہے گی۔