واشنگٹن(آن لائن)امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا بیور ایلس ویلز نے کہا ہے کہ کشمیر جاکر لڑنے سے متعلق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا حالیہ بیان اہم اور قابل تعریف ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا بیور ایلس ویلز نے وزیراعظم عمران خان کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا تمام دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کا عزم علاقائی استحکام کیلیے اہم ہے اور یہ خطے میں پائیدار امن کا ضامن بھی ہوگا۔ایس ویلز نے مزید کہا کہ کشمیر میں
تشدد سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا واضح اور اہم بیان قابل تعریف ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان سے عسکریت پسند کشمیر میں جاکر انتشار کا باعث بن سکتے ہیں جس کا سب سے زیادہ نقصان کشمیریوں کو ہوگا اور یہ شدت پسند کشمیریوں اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے طورخم بارڈر پر صحافیوں سے گفتگو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سے بھارت جاکر لڑنے والا پاکستان اور کشمیریوں دونوں کا دشمن ہوگا اور اس کا سب سے زیادہ نقصان کشمیریوں کا ہوگا۔