اسلام آباد (این این آئی) اللہ رب العزت سے تعلق مضبوط بنانے کیلئے توبہ واستغفار سمیت فرائض کی پابندی کو معمول بناناہوگا، توبہ واستغفارکرنے سے رحمت کے دروازے کھلتے ہیں، تبلیغ کے ذریعے ہمیں اپنا فرض اداکرنا ہے، آج معاشرے میں بے سکونی ،نفسانفسی پریشانی ومسائل کی وجہ احکام الہیٰ سے روگردانی ہے اسی لئے ہمارے معاملات سے برکت اٹھ گئی ہے،
ہمیں اپنی صلاح کرنے کیساتھ ساتھ معاشرے کوبھی سنوارکرسیدھی راہ پرگامزن کرنا ہے، دنیا میں مسافرکی طرح زندگی بسر کرنے کا عہد کرلیا جائے توہمارے مسائل بھی حل ہونگے اورمعاشرے میں خداخوفی بھی پیدا ہوگی فرائض کے ساتھ حقوق العباد کوبھی ادا کرنے کا رجحان بڑھانا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار تبلیغی جماعت کے سالانہ اجتماع کے دوسرے روز علما کرام نے مختلف نشستوں اور قرآن پاک کے درس کے دوران کیا۔ علما کرام نے کہا کہ اسلام زندگی کے ہرشعبہ میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے، رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں زندگی بسرکی جائے یہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے، ہمارے دل سخت ہوچکے ہیں جنھیں نرم کرنے کیلئے توبہ واستغفار کو معمول بنایا جائے جس سے جہاں خدا کا خوف پیدا ہوگا بلکہ اللہ کی رحمتوں کانزول بھی ہوگا جس سے تمام معاملات میں برکت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کی اصلاح بھی کرنا ضروری ہے دین میں خیر ہے ۔علما کرام نے کہا کہ اگر نماز پنجگانہ ، فرائض کی ادائیگی کو معمول بنا لیاجائے بڑوں کااحترام اور چھوٹوں پرشفقت، اورحقوق العباد ادا کئے جائیں تو ہمارے سارے مسائل حل ہونگے اللہ سے ہروقت اپنے گناہوں کی توبہ بخشش کرنی چاہئے، زندگی کو بے مقصد گزارنے کے بجائے بامقصد گزارنے کیلئے اللہ ورسول پاک کے احکامات پرعمل پیرا ہوجائے۔