اسلام آباد(آن لائن) مشیراحتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 11ارب ڈالرز منی لانڈرنگ کے ذریعے 26ممالک منتقل کی گئی رقم واپس لائی جائے گی تاہم فی الحال ایک ارب ڈالر کی ریکوری پر کام جاری ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 11ارب ڈالرز 26ممالک میں منتقل کیے گئے۔ یہ رقم واپس لائی جائے گی ہم مختلف ممالک سے معاہدے کر رہے ہیں اب کرپٹ عناصر کو کہیں پناہ نہیں ملے گی اور ان کو واپس لایا جائے گا۔ رقوم کی منتقلی پر شریف خاندان بچ نہیں سکے گا۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں فالودے والے
اور پاپڑ والے کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اداروں کے خود مختار نہ ہونے کی وجہ سے منی لانڈرنگ کی روک تھام نہ ہوسکی تاہم آج ادارے خود مختار ہیں اور اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، حکومت اداروں کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔ مشیر احتساب نے کہا کہ ماضی میں باقاعدہ پلاننگ سے نیب کو تباہ کیا گیا اور انکے فنڈز روکے گئے، ہم نے نیب اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا اور ان کو فنڈز فراہم کیے۔ آج ادارے آزاد ہیں اور ان کو بہتر طریقے سے کام کرنے دیا ہے۔