اسلام آبا د(این این آئی) امریکی سفارتخانے وضاحت کی ہے کہ امریکی سفارتخانے کے اندر کوئی فائرنگ رینج تعمیر نہیں کی جارہی ہے۔ جمعرات کو جاری ایک بیان میں امریکی سفارتخانہ نے کہاکہ سفارتخانے میں فائرنگ رینج کی تعمیر کے حوالے سے رپورٹس بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کی درخواست پر سفارتخانہ اسلام آباد پولیس فائرنگ رینج کی تعمیر نو کیلئے فنڈز فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ فائرنگ رینج کی نئے سرے سے تعمیر اسے زیادہ محفوظ بنانے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ فائرنگ رینج پولیس کی ملکیت ہے اور ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی سفارتخانے نے حکومت پاکستان کی درخواست پر رینج کی تعمیر کیلئے اہنی ویب سائٹ پر ٹینڈر طلب کئے۔ بیان کے مطابق تعمیراتی ٹینڈرز میں حصہ لینے کے لئے پاکستانی کمپنیوں کو مدعو کیا گیا۔