نارووال (این این آئی)نارووال کے علاقے موضع پکھیکے میں کم جہیز لانے پر مبینہ طور پر بیوی کو تیزاب پلانے اور تشدد کا نشانہ بنانے والے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ داماد اور اس کے گھر والوں نے بیٹی کو کم جہیز لانے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور تیزاب پلادیا جس کے باعث بیٹی کی حالت تشویش ناک ہے،خاتون کو تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عدنان کی شادی ایک سال قبل مریم بی بی سے ہوئی تھی تاہم مقدمہ درج کر کے شوہر اور سْسر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔دریں اثناء لاہور میں شفیق آباد کے علاقہ فیروز پورہ بازار میں اویس نامی شخص نے باپ اور دو بہنوں کو قتل کر کے مبینہ طور پر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا، فائرنگ کی زد میں آکر اس کا بھائی زخمی ہو گیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122،پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی،ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ اویس کی اپنی بیوی سے علیحدگی ہوچکی تھی اور وہ اسے واپس لانا چاہتا تھا۔ اسی بناء پر اویس کا آئے روز اپنے گھر والوں سے جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز بھی معمولی تلخ کلامی پر اویس نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی جس سے اس کا باپ ریاض،بہن سدرہ اور مریم جا ں بحق ہو گئے جبکہ ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر اس کا ایک بھائی فرحان زخمی ہو گیاجسے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122اورایس پی سٹی، ڈی ایس پی شفیق آباد، فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے میو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ واقعے کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں اور زخمی فرحان کے بیان کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ملزم اویس کے بھائی شہزاد کا کہنا ہے کہ اویس نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی تھی اب اسے واپس گھر لانا چاہتا تھا جس پر اکثراس کا گھروالوں کیساتھ جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ شب بھی جھگڑا ہوا تو اس نے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔ڈی آئی جی آپریشنز محمد وقاص نذیر نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا جہاں متعلقہ پولیس افسران نے انہیں واقعہ کے حوالے سے ابتدائی طو رپر آگاہ کیا۔