اسلام آباد (آن لائن) برطانیہ میں مقیم پاکستانی نثراد سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں20کروڑ پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس بات کا انکشاف یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر امجد خان نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے وفد نے موجودہ دورہ پاکستان میں اب تک 20کروڑ پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کرنے کے لئے معاہدے سائن کر لئے ہیں۔
وفد کا تعلق رئیل اسٹیٹ، سیاحت، تعلیم، حلال گوشت، پولٹری، میڈیکل ٹیکنالوجی، دفاعی پرزہ جات و سامان، آٹوموبائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، امپورٹ و ایکسپورٹ، کاسمیٹکس اور دیگر شعبوں سے تھا۔ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس کے وفد کے اراکین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نوجوان نسل پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے کیونکہ نوجوانوں کو پاکستان سے بہت محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ وہ برطانیہ میں حاصل کیا گیا تجربہ اور سرمایہ نوجوانوں کو منتقل کر کے ان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرانا چاہتے ہیں تا کہ پاکستان تیزی سے آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انہوں نے کراچی، لاہور ، راولپنڈی اور اسلام آباد کے دورے کے دوران حکومتی و نجی شعبے کے نمائندگان سے کامیاب ملاقاتیں کی ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ جو پیسہ وہ لائے ہیں اس کو پاکستان میں پیداواری شعبوں میں لگائیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیت موجود ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں چیمبرز دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان صارفین کی ایک پرکشش مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے
لہذا برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ پاکستان میں دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کریں جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں نیا اعتماد پیدا ہو گا اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے علاوہ سیاحت، رئیل اسٹیٹ، تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، حلال فوڈ بزنس اور ٹیکسٹائل سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں جبکہ موجودہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشش کر رہی ہے لہذا یو کے چیمبر کے ممبران کو چاہیے کہ وہ ان مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں شوکت مسعود، شعبان خالد، محمد احمد، توصیف زمان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس کے ممبران کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔