اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نوڈیرو سے بھٹو ہاؤس کے سپروائزر کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملزم ندیم پر جعلی اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔نیب سکھر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملزم ندیم بھٹو کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کیا گیا جسے سکھر کی احتساب عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔نیب ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم ندیم بھٹو بھٹو ہاؤس کا سپروائزر اور سابق صدر آصف علی زرداری کا
قریبی ساتھی ہے۔ ملزم جعلی اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے رقوم وصول کرتا رہا اور اس سے بھٹو سٹیٹ کے ملازمین کو تنخواہیں جاری کرتا رہا ہے، نیب سکھر نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کی جانب سے گرفتاری کی خبروں کی تردید سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نہ تو کسی کو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی بھٹو ہاؤس پر کسی ادارے نے کوئی چھاپہ مارا ہے۔ترجمان نوڈیرو ہاؤس کراچی کے مطابق ملزم ندیم بھٹو لاڑکانہ ہاؤس کا انچارج نہیں ہے۔