لاہور (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لئے بدھ کا دن بلدیاتی انتخاب کے حوالے سے خوش ثابت ہوا اور اس کے امیدواروں نے گجرات، ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد میں میدان مار لیا۔ بدھ کو اپنی جماعت کی کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداروں، پارٹی رہنماؤں، ان کے حامیوں،کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے گجرات میں میئر، ڈی جی خان میں ڈپٹی میئر، اور
میونسپل کمیٹی جڑانوالہ(طلال چوہدری گروپ)، فیصل آباد سے انتخابی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوام میں آنے والی تبدیلی کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔بدھ کا دن بلدیاتی نظام کے مخالفوں پر عوام کے عدم اعتماد کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی نتائج واضح عوامی ردعمل اور ان کی رائے بیان کررہے ہیں۔ ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں یہ فتح نصیب فرمائی۔ جہاں بھی آزادانہ ،شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوں گے انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) ہی فاتح ہوگی۔ عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نومنتخب میئر، ڈپٹی مئیر اور میونسپل کمیٹی کی کامیابی ان پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ ہم گجرات، جڑانوالہ اور ڈی جی خان کے عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے اور ماضی کی طرح ہر سطح پر ان کی بھرپور خدمت کریں گے۔ شہبازشریف نے کہاکہ آج کے دن بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے اس امر کا بھی واضح اظہار ہوتا ہے کہ عوام اس نظام پر اعتماد کرتے ہیں۔ عوام نے لوکل باڈیز کے نظام کو ختم کرنے کے حکومتی منصوبہ پر عدم اعتماد کردیا ہے۔ عوام نے اپنی رائے سے بتادیا ہے کہ وہ اس نظام کو ختم کرنے کے لئے حکومتی قانون سازی کے اقدام کے حق میں نہیں۔