اسلام آباد ( آن لائن )حالیہ آندھی اور بارش کی وجہ سے پنجاب میں گندم کی کھڑی فصل کو نقصان پہنچا ہے اور ایک لاکھ 50 ہزارٹن پیداوارمتاثر ہوئی ہے۔ ربیع سیزن 2018-19 کے دوران صوبہ میں 16.165 ملین ایکڑ رقبہ پر گندم کا شت کی گئی ہے جس کا پیداواری ہدف 19.5ملین ٹن مقرر کیا گیا تھا۔ جبکہ زراعت پنجاب کے حکام نے کہا ہے کہ حالیہ موسمی تغیرات (آندھی اور بارش) کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں ایک لاکھ ٹن تا ایک لاکھ ٹن
کی کمی کا خدشہ ہے کیونکہ پنجاب بھر میں کہیں تیزہواؤں ژالہ باری اور بارش سے گندم کی تیار کھڑی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے رحیم یار خان ، راجن پور ، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ، بہاولپور، بہاولنگر ،ملتان ،خانیوال، وہاڑی فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ اور چکوال کے اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔حکام نے کہا کہ تیز ہوا اور بارش سے گندم کی پک کر تیار کھڑی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔