لاہور( این این آئی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے رمضان شوگر ملز کیلئے نالے کی تعمیر کے کیس میں نیب کے رو برو پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروایا ،آج ( منگل) کے روز آمدن سے زائداثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں دوبارہ نیب میں پیش ہوں گے ۔ نیب نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو صبح گیار ہ بجے طلب کر رکھا تھا تاہم وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے تقریباً سوا چار بجے پیش ہوئے ۔لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد اظہار یکجہتی کے لئے پہلے سے ہی موجود تھی جنہوں نے حمزہ شہباز کی آمد پر بھرپور انداز میں
نعرے بازی کی ۔ نیب حکام نے عطا ء اللہ تارڑ کواندر جانے سے روک دیا اور انہیں گاڑی سے نیچے اتار دیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ میرے پاس پاور آف اٹارنی ہے اور میں حمزہ شہباز کا وکیل بھی ہوں لیکن مجھے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔حمزہ شہباز تقریباً سوا گھنٹے نیب کے ہیڈ کوارٹر میں موجود رہے جہاں تفتیشی ٹیم نے ان سے رمضان شوگر ملز کیلئے نالے کی تعمیر اورجعلی سروے کے حوالے سے سوالات پوچھے ۔علاوہ ازیں نیب نے حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں آج منگل کے روز طلب کر رکھا ہے ۔