لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نا معلوم لوگوں کو میری فیملی ممبر ظاہر کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو درخواست دیدی ہے ،عبد العلیم خان کے خلاف کیس غلط اور بے بنیاد ہے انہیں دباؤ کی وجہ سے قربانی کا بکرا بنایا گیا ،
عمران خان نے انتقام کی تمام حدیں پار کر دی ہیں اور وہ اس طرف جارہے ہیں جہاں شاید عزت و احترام اور رواداری ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی ۔ ایک انٹر ویو میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمرا ن خان خود کہتے ہیں کہ اس انتقام کے پیچھے میں خود ہوں اور اگر کوئی اس سے انکار کرتا ہے تو وہ خود کو دھوکہ دے رہا ہے ۔سیاست میں عزت و احترام اور رواداری بر قرار رہنی چاہیے لیکن عمران خان اسے ختم کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے اور یہ اقدام نیب کی اپوزیشن کے خلاف تسلسل کے ساتھ کی جانے والی کارروائیوں پر اٹھایا گیا ہے ۔ علیم خان کے خلاف کیس غلط اور بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے اگر نادرا کو دباؤ میں لا کر ریکارڈ ٹمپرڈ کیا گیا ہے تو شکایت درج کرانی چاہیے تھی ۔ نا معلوم لوگوں کو میری فیملی ممبر ظاہر کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو درخواست دیدی ہے کہ ان کی نشاندہی کی جائے ۔ انہوں نے کالعدم تنظیموں کے حوالے سے الزامات بارے کہا کہ یہ گزشتہ دس سالوں سے لگ رہے ہیں جو الزام لگاتا ہے وہ اسے ثابت بھی تو کرے ۔